لندن: مشرقی لندن کے علاقے ایسٹ ہیم میں13جولائی کو برٹش پاکستانی فیملی کے گھر میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والے بچوں13 سالہ نقاش ملک، 11سالہ آیت ملک اور سات سالہ محمد حنان ملک کی نماز جنازہ منہاج القرآن کی مسجد میں ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں کمیونٹی کے سینکڑوں افراد کے علاوہ مقامی پولیس، کونسل اور فائر بریگیڈ کے وفود نے بھی شرکت کی، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور رقت آمیز مناظر بھی دیکھنےمیں آئے، شرکا غم سے نڈھال تھے اور والدین خرم ملک اور نغمانہ گل خان کو دلاسہ دیتے رہے۔
نماز جنازہ میں شریک نیو ہیم کی میئررخسانہ فیض اور کونسلر ڈاکٹر ذوالفقار کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پوری کمیونٹی اس سانحہ پر غم سے نڈھال اور غم زدہ خاندان کے دکھ میں شریک ہے۔
انہوں نے کمیونٹی سے کہا کہ گھروں میں باقاعدگی کے ساتھ بجلی و گیس کے آلات چیک کر نے چاہئیں، ان دنوں زیادہ آلات بجلی سے چلتے ہیں اور کسی ایک پلگ پر زیادہ دبائو ڈالنے سے شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
بعدازاں بچوں کو ووڈ گرینج سمسٹری میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔